اہم مواد پر جائیں

بیرونی مریض فزیکل تھیراپی

 بیرونی مریض فزیکل تھیراپی کیا ہے؟

فزیکل تھیراپسٹ لڑکے کے ساتھ تھیراپی کرتے ہوئے

بیرونی مریض فزیکل تھیراپی کے لیے، آپ کا بچہ PT سیشنز کے لیے کسی کلینک یا دوسری سہولت پر ملاقات کرے گا اور پھر گھر واپس آ جائے گا۔

بیرونی مریض فزیکل تھیراپی (PT) وہ فزیکل تھیراپی ہے جو آپ کے بچے کو کلینک میں دی جاتی ہے جب وہ ہسپتال میں داخل نہ ہو۔ فزیکل تھیراپسٹ آپ کے بچے کو محفوظ طریقے سے حرکت کرنے، طاقت بڑھانے، اور زیادہ خودمختار بننے میں مدد دیتے ہیں۔ 

فزیکل تھیراپی کے فوائد 

فزیکل تھیراپی آپ کے بچے کو درج ذیل میں مدد دے سکتی ہے: 

  • زیادہ طاقتور بننا تاکہ ان کے عضلات بہتر طریقے سے کام کر سکیں 
  • توازن اور کنٹرول بہتر بنانا تاکہ وہ محفوظ طریقے سے حرکت کر سکیں 
  • لچک میں اضافہ کرنا تاکہ جوڑ آسانی سے حرکت کر سکیں 
  • برداشت بڑھانا تاکہ وہ زیادہ دیر تک سرگرمیاں انجام دے سکیں (جیسے کھیلنا) 
  • چوٹ، بیماری، یا سرجری سے متعلق درد کم کرنا
  • معاون آلات استعمال کرنا، جیسے: 
    • چھڑی
    • بیساخیاں 
    • واکر 
    • آرتھوٹسکس
    • سلائیڈنگ بورڈ
    • وہیل چیئر
  • جسم کی حرکت کو بہتر بنا کر مستقبل کے مسائل سے بچاؤ کرنا 

اپنی پہلی فزیکل تھیراپی ملاقات کے لیے تیاری

بیرونی مریض فزیکل تھیراپی عام طور پر کسی کلینک یا بحالی مرکز میں ہوتی ہے۔ یہ ہسپتال میں یا کسی علیحدہ کلینک میں ہو سکتی ہے۔  

اگرچہ آپ کے بچے نے ایکیوٹ کیئر فزیکل تھیراپی حاصل کی ہو، بیرونی مریض PT مختلف محسوس ہو سکتی ہے۔ ایکیوٹ کیئر فزیکل تھیراپی اس بات پر مرکوز ہوتی ہے کہ آپ کا بچہ ہسپتال میں رہتے ہوئے صحت یاب ہو، محفوظ رہے، اور زیادہ مضبوط بنے۔ بیرونی مریض PT کلینک میں وقت کے ساتھ مہارتیں پیدا کرنے پر توجہ دیتی ہے۔ 

یہ جانیں کہ اپنے ساتھ کیا لانا ہے

اپنی پہلی بیرونی مریض فزیکل تھیراپی ملاقات کی تیاری کے لیے: 

  • اپنی نگہداشت ٹیم سے پوچھیں کہ آپ کو اپنے ساتھ کیا لانا ہے۔ ان میں شامل ہو سکتے ہیں: 
    • انشورنس فارم 
    • تصویری شناختی کارڈ  
    • ڈاکٹر کا ریفرل فارم 
    • طبی ریکارڈز
    • جانچ کے نتائج 
  • اپنے تمام سوالات کی فہرست تیار کریں۔ 
  • اپنے بچے کی تمام علامات لکھ لیں۔ 
  • مختصر صحت کی سرگزشت تیار کریں۔ شامل ہیں: 
    • دوائیاں 
    • سرجریاں 
    • چوٹیں 
    • نگہداشت ٹیم کے اُن اراکین کی رابطہ معلومات جنہیں تازہ معلومات درکار ہوں 

حرکت کے لیے منصوبہ بندی

  • اپنے بچے کو آرام دہ کپڑے اور سہارا دینے والے جوتے پہنائیں تاکہ وہ محفوظ اور آسانی سے حرکت کر سکے۔  
  • اگر آپ کا بچہ کوئی معاون آلات یا نقل و حرکت میں مدد دینے والے آلات استعمال کرتا ہے، جیسے آرتھوٹکس، بیساکھیاں یا واکر، تو انہیں ساتھ لائیں۔ 
  • آپ سیشن کے بعد کے لیے پانی کی بوتل یا ہلکا ناشتہ بھی لا سکتے ہیں۔ 

یہ مفید ہوتا ہے کہ آپ اپنے فزیکل تھیراپسٹ سے پوچھنے والے سوالات لکھ لیں تاکہ آپ انہیں بھول نہ جائیں۔ آپ یہ فہرست اپنی پہلی ملاقات میں ساتھ لا سکتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان سوالات کے جوابات مل جائیں۔ اگر آپ کے پاس بہت سے سوالات ہوں تو سب سے اہم سوالات کو پہلے رکھیں۔

لنڈسی کرسٹوفرسن، PT، DPT، C/NDT

فزیکل تھیراپی کی ملاقات کے دوران کیا توقع کی جائے 

فزیکل تھیراپی کی ملاقات عموماً ‎30–60 منٹ تک جاری رہتی ہیں۔ آپ کے بچے کی ضروریات اور پیش رفت کے مطابق اسے ہفتہ وار تھیراپی دی جا سکتی ہے۔ 

پہلی ملاقات کے دوران 

آپ کے بچے کی پہلی PT ملاقات پر آپ رجسٹریشن کریں گے اور تھیراپسٹ سے ملاقات کریں گے۔ وہ آپ کے بچے کی صحت، روزمرہ سرگرمیوں اور اس وجہ کے بارے میں سوال کریں گے کہ آپ فزیکل تھیراپی کے لیے کیوں آئے ہیں۔ اس سے انہیں محفوظ اور مفید نگہداشت کا منصوبہ بنانے میں مدد ملتی ہے۔ 

مناسب مشقوں اور سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کے لیے، تھیراپسٹ حرکت کا ایک نرم معائنہ کرے گا۔ وہ: 

  • طاقت، توازن، لچک، ہم آہنگی اور جسمانی وضع (پوسچر) کا جائزہ لے سکتے ہیں  
  • آپ کے بچے کے جوڑوں اور عضلات کو محسوس کر کے دیکھ سکتے ہیں کہ وہ کس طرح حرکت کرتے ہیں 
  • دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کا بچہ کیسے حرکت کرتا ہے، جیسے چلنا، سیڑھیاں چڑھنا یا کرسی سے اٹھنا  
  • پوچھ سکتے ہیں کہ آیا آپ کے بچے کو درد ہے 

کم عمر بچوں کے لیے، تھیراپسٹ کھیل یا گیمز کا استعمال کرے گا تاکہ یہ دیکھ سکے کہ وہ کس طرح حرکت کرتے ہیں۔ 

روانگی سے پہلے، آپ اور تھیراپسٹ مل کر اہداف طے کریں گے اور اگلی ملاقات کا وقت مقرر کریں گے۔ اگر آپ کے بچے کو کسی خاص سازوسامان کی ضرورت ہو تو فزیکل تھیراپسٹ یا تو وہ آپ کو فراہم کرے گا یا بتائے گا کہ وہ کہاں سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وہ آپ کو یہ بھی سکھائے گا کہ اسے محفوظ طریقے سے کیسے استعمال کرنا ہے۔ 

پہلی ملاقات کے بعد 

تھیراپسٹ آپ کے بچے کو مشقیں اور سرگرمیاں سکھائے گا۔ بہت سے بچوں کو ملاقاتوں کے درمیان مشق کے لیے توازن کی مشقیں یا دیگر مہارتوں پر مشتمل گھریلو پروگرام دیا جاتا ہے۔ اس سے آپ کے بچے کو تیزی سے بہتری حاصل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ 

آپ کا بچہ روزمرہ کی حرکات کی مشق کر سکتا ہے۔ ان میں شامل ہو سکتے ہیں: 

  • بیٹھنا اور کھڑا ہونا 
  • کرسی پر بیٹھنا اور اس سے اٹھنا 
  • پیدل چلنا 
  • سیڑھیوں کا استعمال کرنا 

فزیکل تھیراپی ہر مریض کے لیے خاص طور پر تیار کی جاتی ہے۔ آپ کے بچے کا نگہداشتی منصوبہ اسی کلینک میں موجود دوسرے مریضوں کے منصوبوں سے بہت مختلف ہو سکتا ہے۔ اس کا منصوبہ ہفتہ بہ ہفتہ بھی تبدیل ہو سکتا ہے۔ 

عمومی طور پر، جاری PT ملاقاتوں میں شامل ہوتا ہے: 

  • علامات کی جانچ اور پیش رفت کی پیمائش کے لیے سوالات اور ٹیسٹ 
  • مخصوص مسائل کے علاج کے لیے تھیراپی اور مشقیں 
  • گھر پر کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور مشقوں کے بارے میں ہدایات 
  • اپنی اگلی ملاقات طے کرنا 

فزیکل تھیراپی کے لیے تجاویز

اپنی ملاقاتوں پر حاضر ہوں اور وقت کی پابندی کریں۔اس سے آپ کے بچے کو مسلسل پیش رفت کرنے میں مدد ملے گی۔ دیر سے پہنچنے کی صورت میں آپ کے بچے کے پاس تھیراپسٹ کے ساتھ کام کرنے کا وقت کم ہو سکتا ہے۔ اگر ملاقات مختصر ہوں یا چھوٹ جائیں تو صحت یابی میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ 

اگر آپ کو ملاقات منسوخ کرنی ہو تو کلینک سے رابطہ کریں۔ملاقات پر حاضر نہ ہونا یا بہت دیر سے منسوخ کرنا فیس یا تھیراپی سے خارج کیے جانے کا سبب بن سکتا ہے۔ یقینی بنائیں کہ آپ اپنے کلینک کی منسوخی کی پالیسی کو سمجھتے ہیں۔ 

اپنے بچے کے فزیکل تھیراپسٹ کے ساتھ شراکت داری کریں۔اس سے آپ کے بچے کو ہر PT ملاقات سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ اگر آپ کسی بات کو نہ سمجھیں، اگر آپ کا بچہ تھکا ہوا ہو یا اسے درد ہو تو تھیراپسٹ کو بتائیں۔ اس بارے میں ایماندار رہیں کہ آیا آپ کا بچہ اپنے آلات استعمال کر رہا ہے اور اپنی مشقیں کر رہا ہے۔  

اپنے بچے کی مدد کریں اور اس کی حوصلہ افزائی کریں۔ فزیکل تھیراپی مشکل اور تھکا دینے والی ہو سکتی ہے۔ یقینی بنائیں کہ آپ اپنے بچے کی صرف نتائج پر نہیں بلکہ اس کی کوششوں پر بھی تعریف کریں۔  

اپنے بچے کو تھیراپی کے منصوبے پر عمل کرنے میں مدد دیں۔آپ کا تھیراپسٹ آپ کے بچے سے کسی سرگرمی کو انجام دینے کا طریقہ تبدیل کرنے کے لیے کہہ سکتا ہے۔ یا آپ کے بچے کو بعض حرکات محدود کرنی پڑ سکتی ہیں۔ چوٹ سے بچاؤ اور صحت یابی میں مدد کے لیے ان ہدایات پر عمل کرنا اہم ہے۔ 

گھر پر مشقیں جاری رکھیں۔ اگر آپ کے بچے کو گھر پر کرنے کے لیے مشقیں یا سرگرمیاں دی گئی ہیں تو اپنے فزیکل تھیراپسٹ کی ہدایات کے مطابق انہیں انجام دیں اور مقررہ تعداد میں کریں۔  

آپ کی نگہداشت ٹیم سے پوچھنے کے لیے سوالات 

  • میرا بچہ PT میں کن اہداف کی جانب کام کرے گا؟ 
  • ہمیں ہر ملاقات پر کیا ساتھ لانا چاہیے؟ 
  • کیا میں PT سیشنز کے دوران اپنے بچے کے ساتھ رہ سکتا/سکتی ہوں؟ 
  • آپ میرے بچے کی پیش رفت کی پیمائش کیسے کریں گے؟ 
  • اگر تھیراپی کے دوران میرے بچے کو درد، تھکن یا نئی علامات ظاہر ہوں تو مجھے کیا کرنا چاہیے؟ 
  • کیا میرے بچے کو کسی خاص سازوسامان کی ضرورت ہے، جیسے بریسز یا چلنے میں مدد دینے والا آلہ؟ 
  • آپ میرے بچے کے ڈاکٹر یا دیگر پرووائیڈر کے ساتھ تازہ معلومات کیسے شیئر کریں گے؟ 
  • آپ کے کلینک کی منسوخی کی پالیسی کیا ہے؟ 
  • ہم گھر پر کیا کر سکتے ہیں تاکہ تھیراپی زیادہ مؤثر ثابت ہو؟ 

فزیکل تھیراپی کے بارے میں اہم نکات

  • بیرونی مریض فزیکل تھیراپی آپ کے بچے کو محفوظ طریقے سے حرکت کرنے اور زیادہ مضبوط ہونے میں مدد دیتی ہے جب وہ ہسپتال میں داخل نہ ہو۔  
  • فزیکل تھیراپسٹ آپ کے بچے کے ساتھ مل کر ان مہارتوں کو بہتر بنانے پر کام کرتے ہیں جن کی اسے گھر، اسکول اور کھیل کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔  
  • ہر فزیکل تھیراپی منصوبہ انفرادی ضروریات کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔ یہ آپ کے بچے کی نشوونما اور بہتری کے ساتھ تبدیل ہو سکتا ہے۔  
  • آپ کے بچے کا فزیکل تھیراپسٹ انہیں گھر پر کرنے کی مشقیں دے سکتا ہے تاکہ ملاقاتوں کے درمیان پیش رفت ہو سکے۔  
  • آپ فزیکل تھیراپسٹ کے ساتھ مل کر اپنے بچے کو ان کے مقاصد حاصل کرنے میں مدد کریں گے۔   


جائزہ لیا گیا: اپریل 2026

متعلقہ مواد